شوگر کمیشن رپورٹ پر ایکشن کیلئے ایف آئی اے کی 11 رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل

Last Updated On 31 July,2020 12:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر ایکشن کے لئے ایف آئی اے کی 11 رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔ انکوائری ٹیم کے سربراہ ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون ڈاکٹر معین مسعود ہونگے۔

 وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کی 11 رکنی ٹیم جعلی طور پر چینی کی افغانستان برآمد کرنے کے معاملے کی تحقیقات کرے گی، تحقیقاتی ٹیم میں کسٹمز، ایف آئی اے اور ایف بی آر سمیت سٹیٹ بنک کے نمائندے شامل ہیں۔ ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم منی لانڈرنگ کی بھی تحقیقات کریگی۔

یاد رہے وفاقی کابینہ نے 23 جون کو شوگر کمیشن کی رپورٹ پر کارروائی کی منظوری دی تھی۔ وزیراعظم کی ہدایت پر مشیر احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے خطوط ارسال کیے، گورنر سٹیٹ بینک، مسابقتی کمیشن اور تین صوبوں کو بھی خط لکھے گئے جس کیساتھ شوگر کمیشن رپورٹ بھی بھجوائی گئی۔

خط کے متن میں کہا گیا ایف بی آر شوگر ملز کی بے نامی ٹرانزیکشنز کی تحقیقات کرے، نیب شوگر کمیشن کے نتائج کی روشنی میں زمہ داران کا تعین کرے۔ نیب کو شوگر ملز اور مالکان کے مالی معاملات کی تحقیقات کا کہا گیا۔

واضح رہے سپریم کورٹ نے شوگر ملز مالکان کو سندھ ہائیکورٹ سے ملنے والا ریلیف ختم کرتے ہوئے چینی سکینڈل کے معاملے پر شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں حکومت کو کارروائی کی اجازت دی تھی، تاہم معاملے پر عدالتی فیصلے آنے تک غیر ضروری اقدامات اٹھانے اور شوگر کمیشن رپورٹ پر حکومتی عہدیداروں کو بیان بازی سے روک دیا گیا تھا۔

 

Advertisement