کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سمارٹ لاک ڈاؤن 15 روز کیلئے بڑھا دیا گیا

Last Updated On 03 August,2020 11:43 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں جاری اسمارٹ لاک ڈاؤن میں 15 دن کی مزید توسیع کر دی گئی۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن 17 اگست تک جاری رہےگا۔ اس دوران تجارتی مراکز صبح 9 بجے سے رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت ہو گی۔ تندور، ڈیری پروڈکٹس شاپس، میڈیکل اسٹورز اور بلڈ بینکس 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔ ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کو صرف ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے سروس کے لیے 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی اجازت ہو گی۔ تعلیمی ادارے تا حکم ثانی بند رہیں گے تاہم سنیما ہالز، فارم ہاؤسز، شادی ہالز، پکنک پوائنٹس بدستور بند رہیں گے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ 10 یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، دھرنے، ریلی، جلوسوں، ڈبل سواری، سماجی و سیاسی یا مذہبی تقریبات اور جیلوں میں قیدیوں سے ملاقات پر بھی پابندی عائد ہوگی۔ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت ہفتے میں چھ دن کاروباری مراکز کھلے رہیں گے جبکہ جمعے کے دن مکمل لاک ڈاؤن ہو گا۔
 

Advertisement