اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک میں پانچویں نمبر پر ہے۔ آنے والی نسلوں کے لیے ذمہ داریاں پوری کرنا ہونگی۔
وزیراعظم کا شجر کاری مہم 2020ء کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ ایک دن میں 35 لاکھ درخت لگائے گئے، جو ابھی شروعات ہے۔ میں درخت لگانے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ممالک میں 5 ویں نمبر پر ہے۔ دو سال میں گندم کی پیداوار کم ہوئی ہے، اقدامات نہ کیے تو ہمارے علاقے ریگستان بن جائیں گے۔ جنگلات ختم کرنے سے ملک شدید متاثر ہوا۔
انہوں نے اس احسن اقدام کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے۔ ہم آنے والی نسلوں کے لیے انھیں اگائیں گے۔ یہ اقدام آنے والی نسلوں کیلئے جہاد کا درجہ رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی جنگ جیتنی ہے۔ لاہور کے ساتھ ایک نیا شہر بنا رہے ہیں۔ ہم نے اپنے ملک کو صاف کرنا ہے۔ ہم نے شہروں میں خالی جگہ نہیں چھوڑنی بلکہ وہاں درخت لگانے ہیں۔ ہم نے درخت لگا کر اپنے ملک کو ہرا بھرا کرنا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ٹائیگرز فورس نے کورونا کے خلاف جہاد کیا، وبا کیخلاف پاکستان کی حکمت عملی کامیاب رہی۔ احتیاط برتنے سے کورونا کیسز کم ہوئے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ رش والے علاقوں میں فیس ماسک پہن کر جائیں۔ محرم میں کورونا سے بچنے کیلئے احتیاط ضروری ہے، کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کریں۔