وزیر اعظم کی کشمیریوں کیلئے وکالت، ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی: شبلی فراز

Last Updated On 08 August,2020 08:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ جس طرح وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کی دنیا بھر میں وکالت کر رہے ہیں ماضی میں اسکی مثال نہیں ملتی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی طرف سے دیئے گئے بیان کے بعد سینیٹر شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ آپ کے دور میں مسئلہ کشمیر کی بجائے مودی سے ذاتی مراسم پروان چڑھائے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دہائی میں کشمیر کاز کو ذاتی کاروباری مصلحتوں کی بھینٹ چڑھایا گیا جس مؤثر اور مدلل انداز سے وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کی دنیا بھر میں وکالت کر رہے ہیں ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔

راوی ریور منصوبہ سے متعلق ٹویٹر پر وفاقی وزیر اطلاعات نے لکھا کہ راوی ریور منصوبہ نئے پاکستان میں نئے لاہور کی بنیاد ہے جس سے سرمایہ کاری کی راہ ہموار اور عوام کو روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔ شجرکاری، جھیل اور پانی صاف کرنے کے پلانٹس کے منصوبے لاہور کو خوبصورت اور ماحول دوست بنائیں گے۔

ایک اور ٹویٹ میں سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ مادر وطن پر جان نچھاور کرنے والے عظیم فرزند میجر طفیل شہید نشان حیدر کی برسی پر قوم انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔پاک فوج کے جوانوں نے جرآت و شجاعت کی روشن مثالیں قائم کیں۔پوری قوم قابل فخر شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔
 

Advertisement