اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے باقی ماندہ چار سو قیدیوں کو رہا کرنے کی افغان لویا جرگہ کی تجویز کا خیر مقدم کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے آج ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کو امید ہے کہ قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے اس اقدام پر عملدرآمد سے امریکہ طالبان امن معاہدے کے تحت افغانوں کے درمیان مذاکرات جلد شروع ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بار بارزور دیا ہے کہ افغان رہنمائوں کو اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے اور افغان تنازعے کا مذاکرات کے ذریعے جامع، وسیع اور مشترکہ سیاسی حل تلاش کرنے کیلئے مل کر تعمیری انداز میں کام کرنا چاہیے۔
ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری کو بھی افغانستان میں پائیدار امن واستحکام کیلئے افغانوں کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کیلئے اپنی حمایت بڑھانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانوں کی سربراہی میں افغانوں پر مشتمل امن اور مفاہمت کے عمل کی مسلسل حمایت کی ہے۔
زاہد حفیظ چودھری نے کہاکہ پاکستان اپنے اور اپنے ہمسایہ ملکوں میں امن کیلئے ایک پرامن، مستحکم، متحد، جمہوری، خودمختار اور خوشحال افغانستان کی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔