جانوروں کی ہلاکت کا کیس، زرتاج گل اور ملک امین اسلم کو توہین عدالت کا نوٹس جاری

Last Updated On 11 August,2020 06:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے چڑیا گھر میں جانوروں کی ہلاکت کے کیس میں وزیر مملکت زرتاج گل اور معاون خصوصی ملک امین اسلم کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔

چڑیا گھر میں جانوروں کی ہلاکت کے خلاف مقدمے کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔ سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی ناہید درانی نے موقف اپنایا کہ وہ جانوروں کی ہلاکت کی تمام ذمہ داری قبول کرتی ہیں، کابینہ ارکان کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ کابینہ نے وائلڈ لائف بورڈ کی منظوری دی تھی، اس لئے ذمہ دار بھی وہ ہیں۔ عدالت نے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم، وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل اور وفاقی سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی ناہید درانی کو توہین عدالت کے نوٹسز جاری کر دیے۔

اس کے علاوہ اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے ممبران کو توہین عدالت کے شوکاز نوٹسز جاری کرکے تمام فریقین سے 27 اگست تک جوابات طلب کر لیے ہیں۔