اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھارتی جاسوس کلبھوشن سنگھ یادیو کیس کی آئندہ سماعت کیلئے لارجر بنچ تشکیل دے دیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے لارجر بنچ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب شامل ہیں۔ فریقین کو تین ستمبر کیلئے نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں لارجر بنچ 3 ستمبر کو کیس کی سماعت کرے گا۔ گزشتہ سماعت پر عدالت نے لارجر بنچ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔
اس سلسلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریقین کو نوٹس بھی جاری کر دیے ہیں۔ عدالت نے کلبھوشن اور بھارت کو وکیل کرنے کی دوبارہ پیشکش کا بھی حکم دے رکھا ہے۔
اٹارنی جنرل 3 ستمبر کو بھارت اور کلبھوشن کے جواب سے آگاہ کریں گے۔ کیس میں سینئر وکلا عابد حسن منٹو، حامد خان اور مخدوم علی خان عدالتی معاونین بھی مقرر ہیں۔