اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے چھوٹے اور درمیانے درجہ کے کاروبار کے فروغ کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی ہے جس کے سربراہ وزیر صنعت حماد اظہر ہونگے۔
کمیٹی ملک میں سمال اینڈ میڈیم انڈسٹری کے فروغ کیلئے تجاویز تیار کرے گی۔ غربت کے خاتمے، روزگار کی فراہمی اور معاشی صورتحال کی بہتری کا پلان تیار کیا جائیگا۔
وفاقی وزیر برائے صنعت وپیداوار اور چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز کمیٹی میں شامل جبکہ وزارت کامرس، خزانہ، پاور، پٹرولیم اور قانون کے وفاقی سیکرٹریز بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔
چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین ایس ای سی پی اور ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک بھی شامل ہیں۔ وزیراعظم نے کمیٹی کے لئے ٹی او آرز کی بھی منظوری دے دی۔
ٹی او آرز کے تحت حکومت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری طبقے کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات کرے گی۔ وزارت صنعت کمیٹی کو سیکرٹریٹ فراہم کرے گی۔
کمیٹی کے ٹی او آرز جاری کر دیے گئے ہیں۔ ایس ایم ایز پالیسی کے ڈرافٹ کو دو ہفتوں میں حتمی شکل دی جائے گی۔ ایس ایم ای کی حکومتی سسٹم میں ایک ہی تعریف ہوگی۔
ایس ایم ایز کے کپیسٹی ایشوز اور مارکیٹ تک رسائی کی تجاویز دی جائیں گی۔ ایس ایم ایز کے ایشوز اور ان کا حل تلاش کیا جائے گا۔ کاروبار میں آسانی کے لیے قانونی اور ریگولیٹری ترامیم تجویز کی جائیں گی۔
ایس ایم ایز پر بوجھ کم کرنے کے لیے ریگولیٹری گلوٹین تجاویز کی جائیں گی۔ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ہفتہ وار اجلاس ہوگا۔ سیکٹر کے ایشوز کے حل کے لیے کوآرڈینیشن بہتر بنائی جائے گی۔ اس کی کارکردگی جانچنے کے لیے طریقہ کار وضح کیا جائے گا۔ کمیٹی کے کنوینئر ہفتے میں ایک بار وزیراعظم کو بریفنگ دیں گے۔