وزیراعظم نے تعمیراتی شعبے کے نظام کو خود کار، ڈیجیٹل اور آسان بنانے کی ہدایت کردی

Published On 13 August,2020 08:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے تعمیراتی شعبے کے تمام مراحل میں نظام کو خود کار، ڈیجیٹل اور آسان بنانے پر پوری توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں ہاؤسنگ، تعمیرات اور ترقی کے بارے میں قومی رابطہ کمیٹی کے ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین نے وزیراعظم کو بتایا کہ ایف بی آر نے تعمیراتی منصوبوں اور ٹھیکیداروں کیلئے آن لائن رجسٹریشن کا نظام متعارف کروایا ہے تاکہ ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کی جاسکے۔

بلوچستان کے چیف سیکرٹری نے وزیراعظم کو بتایا کہ ان کی ہدایات کی روشنی میں این او سیز اور دوسرے معاملات کی منظوری کی مدت کم کرکے بیس دن کردی گئی ہے۔

وزیراعظم نے ٹیکس کی شرح میں کمی سے متعلق بلوچستان حکومت کے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے چیف سیکرٹری کو اس میں مزید کمی لانے اور ٹیکسوں کو دوسرے صوبوں کے برابر لانے کیلئے مزید اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

تاجر برادری کے نمائندوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار حکومت نے تعمیراتی شعبے کو ایسی سہولتیں فراہم کی ہیں اور منظوری کے عمل میں آسانی کے ساتھ ساتھ تیزی بھی آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے نہ صرف تاجر برادری اور سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے بلکہ اقتصادی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوا ہے۔

سی ڈی اے کے چیئرمین نے وزیراعظم کو وفاقی دارلحکومت نے علاقوں پارک اینکلیو تھری اور بلیو ایریا کے رہائشی سیکٹروں میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے پلاٹس کی نیلامی کے بارے میں بتایا۔
 

Advertisement