اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر متسوڈا کونینوری نے 74ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین موجودہ دوستانہ تعلقات کو مزید گہرا اور مستحکم کرنے کے لئے مل کر کام جاری رکھیں گے۔
اپنے ایک پیغام میں جاپانی سفیر نے کہا کہ میں جاپان کی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستانی حکومت اور عوام کو 74ویں یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے پاکستان میں امن و خوشحالی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار اور خطے میں استحکام برقرار رکھنے کے لئے کوششوں اور پوری دنیا میں اقوام متحدہ امن مشنوں میں پاکستان کی شراکت کی بھی تعریف کی ہے۔
سفیر متسوڈا نے جاپان پاکستان کے دوستانہ تعلقات کی دہائیوں پرانی تاریخ اور دوسری جنگ عظیم کے بعد جاپان کی تعمیرنو کے دوران پاکستان کے نمایاں کردار کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ جب جاپان نے دوسری جنگ عظیم کے خاتمہ کے بعد تعمیرنو کیلئے کام کا آغاز کیا تو پاکستان ان ممالک میں سے ایک تھا جس نے جاپان کی طرف سے رواداری کا اظہار کیا اور 1951ء میں سان فرانسسکو امن معاہدے کے تحت عالمی برادری میں جاپان کی واپسی کا خیرمقدم کیا۔
جاپانی سفیر نے مفاہمت کی اس اہم اور فراخدلانہ حمایت پر حکومت پاکستان اور عوام کا دلی شکریہ ادا کیا ہے۔ سفیر متسوڈا نے جاپانی حکومت کی جانب سے پاکستان کی سماجی ومعاشی ترقی میں مسلسل تعاون کرنے کے عزم کی یقین دہانی کرائی اور وعدہ کیا کہ وہ جاپان اور پاکستان کے مابین سیاسی، معاشی، ثقافتی تعلقات کو مستحکم کرنے پر کام جاری رکھیں گے۔