اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کاکہنا ہے کہ حکومت قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ اقبال کے پاکستان کی جانب گامزن ہے، پاکستان دو لیڈروں کے عظیم خواب کی تعبیر ہے۔ وہ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے تھے جس میں قانون کی بالا دستی ہو۔
پاکستان ٹیلی ویژن پر قوم کے نام پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے عظیم خواب کی تعبیر ہے۔ دونوں لیڈر چاہتے تھے پاکستان میں سب انسانوں کو برابر کے حقوق حاصل ہوں اور ریاست ان کے حقوق کی ضمانت دے۔ ہم اس سفر کی جانب گامزن ہیں اور جدوجہد کے ذریعے منزل پر پہنچ کر دم لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں آج قوم کو کورونا وائرس کا مل کر مقابلہ کرنے پر بھی مبارکباد پیش کرتاہوں۔ پاکستان نے جس طرح کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد کی ہے شاید ہی کسی قوم میں اس طرح کی مثال مل سکے۔ ہمیں خدشہ تھا کہ کورونا وائرس کے باعث ایک طرف لوگ بیماری سے ہلاک ہوں گے اور دوسری جانب معیشت تباہ حال ہونے کے باعث بھوک سے مریں گے لیکن اللہ تعالیٰ کا خاص شکر اور کرم ہے کہ کورونا کیسز میں بھی کمی آئی ہے اور معیشت بھی بہتری کی جانب گامزن ہو گئی ہے۔ انسان کوشش کرتا ہے اور اللہ تعالیٰ کامیابی عطا کرتا ہے۔
عمران خان نے عوام پر زور دیا کہ وہ احتیاط کادامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور چہرے پر ماسک کا استعمال کریں کیونکہ اس وبا سے بچنے کے لئے یہ سب سے ضروری ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کورونا کا کامیابی سے مقابلہ کرنے پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، ہم نے پسماندہ طبقات کو نقد امداد کے ذریعے کورونا کے معاشی اثرات سے بچایا۔ سمارٹ لاک ڈائون کے ذریعے ہم کورونا کیسز کے پھیلائو کو روکنے میں کامیاب رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں قوم کی تیسری مبارک باد معیشت کی صورتحال بہتر ہونے پر دینا چاہتا ہوں۔ دو سال بہت مشکل میں گزرے۔ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو بہت مشکل حالات کا سامنا تھا۔
بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے قرضوں کی قسطیں ادا کرنی تھیں۔ ہمارے پاس فارن ایکسچینج نہیں تھا اور ہم ڈیفالٹ کررہے تھے۔ اگر ہم خدانخواسہ ڈیفالٹ کر جاتے تو اس کے بہت برے اثرات کا سامنا کرنا پڑتا کیونکہ ڈیفالٹ کرنے سے ڈالر آنا بند ہو جاتے ہیں اور روپے کی قدر گر جاتی جس سے چیزیں مہنگی ہو جاتی ہیں۔ اللہ کا شکر ہے کہ ہم ڈیفالٹ سے محفوظ ہو کر بہت بری مہنگائی سے بچ گئے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اگرچہ عوام کے لئے ابھی بھی مشکل حالات لیکن صورتحال اب بہتر ہو رہی ہے۔ سٹاک مارکیٹ ریکارڈ اوپر گئی ہے۔ لوگوں کا اعتماد بڑھنا شروع ہو گیا ہے۔ ہماری حکومت نے تعمیراتی شعبے کو وہ مراعات دی ہیں جو پہلے کبھی کسی نے نہیں دیں۔ 40 سے زائد صنعتیں تعمیرات کے شعبے سے واستہ ہیں۔ تعمیرات کو کے شعبے کو مراعات دینے سے ان صنعتوں کی بھی ترقی ہو رہی ہے اور روزگار ملنا شروع ہو گیا ہے
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بجلی کے شعبے میں وراثت میں ملنے والے ڈھانچے کو درست کررہے، طویل مذاکرات کے بعد آئی پی پیزکے ساتھ نئے معاہدے کیے، معاہدوں سے بجلی کی پیداوارلاگت اورسرکلرقرضوں میں کمی آئے گی۔ اگلا اصلاحات کا ہدف بجلی کی تقسیم کا نظام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں متحد ہوکر ساتھ کھڑی ہے، ہم کشمیریوں کو ہرسطح پرہرقسم کی مدد فراہم کریں گے، کشمیری بھارت کے غیرقانونی قبضے کےخلاف بہادری سے لڑرہے ہیں۔