کراچی میں گورنر راج اور آرٹیکل 149 زیر غور نہیں: اٹارنی جنرل خالد جاوید

Published On 17 August,2020 02:49 pm

کراچی: (دنیا نیوز) اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے کہا ہے کہ کراچی میں گورنر راج اور آرٹیکل 149 زیر غور نہیں، آئینی آپشن کا بیان غلط انداز میں لیا گیا، آئینی آپشن کا مطلب گورنر راج یا کوئی اور آپشن نہیں تھا۔

سندھ ہائی کورٹ میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے کہا ہے کہ کراچی سے متعلق ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دی ہے یہ بھی ایک آئینی آپشن ہے، آئینی آپشن کا مطلب گورنر راج یا کوئی اور آپشن نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ وفاق چاہتا ہے کہ کراچی میں غیر جانبدار ایڈمنسٹریٹر اور ایڈوائزری کمیٹی مل کر کام کرے۔

اٹارنی جنرل نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کو یقین دلایا ہے کہ کوئی ایسا قدم نہیں اٹھایا جائے گا جو آئین کے خلاف ہو، گورنر راج اور آرٹیکل 149 زیر غور نہیں ہے، کراچی کے مسائل کے حل کے لیے این ڈی ایم اے اور ضرورت پڑنے پر وفاقی حکومت کے دوسرے ادارے مدد کریں گے۔