کراچی: (دنیا نیوز) کراچی سمیت سندھ بھر کے مسائل حل کرنے کے لئے وفاقی اور سندھ حکومت ایک پیج پر آگئی، مسائل کے حل کے لئے مشاورتی کمیٹی تشکیل کردی گئی۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کمیٹی تشکیل دینے کی تصدیق کر دی۔
-مشاورتی کمیٹی میں وفاق اور سندھ حکومت کے تین تین نمائندے شامل ہوں گے۔ وفاق کی جانب سے وفاقی وزراء اسد عمر، علی زیدی اور امین الحق شامل ہوں گے جبکہ سندھ کی جانب سے صوبائی وزراء ناصر شاہ اور سعید غنی شامل ہوں گے، کمیٹی کے چیئرمین وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہوں گے۔
اس حوالے سے ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ کے مسائل کے حل کے لئے وفاقی اور سندھ حکومت کے مذاکرات کے دو دور ہوچکے ہیں۔ تمام حکومتیں ملکر کام کریں گی تو مسائل حل ہوں گے۔ سندھ حکومت صوبے کی ترقی کیلئے ملکر کام کرنے کو ہمیشہ سے تیار ہے۔ کمیٹی صوبے کے ترقیاتی کاموں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرے گی۔