سندھ حکومت کا کراچی کو سات اضلاع میں تقسیم کرنے کا فیصلہ

Published On 20 August,2020 02:05 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے کراچی کو سات اضلاع میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کر لیا، سندھ کابینہ نے کیماڑی ضلع بنانے کی منظوری دے دی۔

وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ کی زیرصدارت سندھ کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے۔ بلدیاتی انتخابات سے قبل کراچی میں ایک اور ضلع بنانے کی خبریں سچ ثابت ہو گئیں۔ سندھ کابینہ اجلاس میں کیماڑی ضلع بنانے کی منظوری دے دی گئی۔ کیماڑی ضلع میں سائٹ، بلدیہ، ہاربر،ماڑی پورکے علاقے ہونگے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ جو اضلاع بڑے ہیں ان میں نئے ضلع بنانے کی تجویزدی جائے۔ ضلع غربی سندھ کا سب سے بڑا ضلع ہے۔ اس وقت ضلع غربی میں 7 سب ڈویژنز ہیں۔

وزیراعلی نے ضلع جنوبی کو ڈسٹرکٹ کراچی کا نام دینے کی تجویز بھی دی۔ کہا اس طرح کراچی کے اضلاع کو وہاں کے مشہورعلاقوں کے نام دیئے جائیں۔ کابینہ اجلاس میں کچھ وزرا نے خیرپور کو بھی دو اضلاع میں تقسیم کرنے کی تجویزدی۔