کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد پر کچرے مافیا کا راج ہے، بلدیاتی نمائندوں کا لاکھوں روپے مبینہ رشوت کے عوض کچرا چنائی کے ٹھیکے دینے کا انکشاف ہوا ہے۔
شہر میں یومیہ جمع ہونے والا کچرا بھی مفاد پرست عناصر کی کمائی کا ذریعہ بن گیا، علاقائی سطح پر کچرا چنائی کے ٹھیکے شہر میں گندگی و تعفن پھیلنے کا سبب بن رہے ہیں۔ شہر میں منظم طریقے سے کچرا چنائی کا کام جاری ہے، کچرا چنائی مافیا کو شہر میں گندگی و تعفن پھیلانے کی کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔ رہائشی علاقوں سے مصروف شاہراہوں تک کچرا چنائی کا کام دھڑلے سے کیا جارہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے، بلدیاتی نمائندے اور با اثر سیاسی کارکنان بھی مبینہ طور پر غیرقانونی کام کی پشت پنائی کررہے ہیں، گندگی پھیلانے والوں کے خلاف پولیس اور ضلعی انتظامیہ بھی کوئی کاروائی نہیں کرتی۔
شہر میں ضلع وسطی ، کورنگی اور غربی کچرا چنائی کے دھندے کا مرکز بنے ہوئے ہیں، بلدیاتی نمائندوں کی مبینہ ملی بھگت کے باعث جگہ جگہ کچرا چنائی مافیا نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت سیاسی جماعت کی اعلی قیادت تک بھی یہ شکایات پہنچنے کے باوجود کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔
صورتحال سے آگاہی کے باوجود محکمہ لوکل گورنمنٹ سندھ نے معاملے پر خاموشی اختیار کررکھی ہے، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کہتے ہیں کہ جدید خطوط پر کچرے کا نظام استوار کرکے اس مسلہ سے چھٹکارہ مل جائے گا۔
شہر میں صفائی کے ناقص نظام کے باعث بھی کچرا چنائی کے کام کو فروغ مل رہا ہے ، ضلع شرقی ، جنوبی اور ملیر میں بھی کچرا چنائی مافیا سرگرم نظر آتا ہے ، گندگی و تعفن کے باعث شہری امراض کا شکار ہورہے ہیں۔