مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے خود ساختہ دعوؤں کی کوئی بنیاد نہیں، دفتر خارجہ

Published On 23 August,2020 04:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے خود ساختہ دعوؤں کی کوئی بنیاد نہیں، پاک چین وزرائے خارجہ سٹریٹیجک ڈائیلاگ اعلامیے پر بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو مسترد کرتے ہیں۔

تفصیل کے مطابق پاکستان نے پاک چین مشترکہ اعلامیہ پر بھارتی بیان کو مسترد کر دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کہتے ہیں کہ پاک چین مشترکہ اعلامیہ دونوں ممالک کے وزائے خارجہ کے سٹریٹیجک ڈائیلاگ کے بعد جاری کیا گیا۔ بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر کو خود ساختہ اٹوٹ انگ قرار دینا مضحکہ خیز ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے بھارتی بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی بیان سلامتی کونسل کی قراردادوں، تاریخی اور قانونی حقائق کے برخلاف ہے۔ بھارتی دعوؤں کی کوئی بنیاد نہیں، سی پیک کے خلاف بھارتی غلیظ پراپیگنڈا کو مسترد کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لئے مایوس کن حد تک کوششیں کر رہا ہے۔ بھارت کا اس معاملے پر کوئی تاریخی، قانونی یا اخلاقی جواز نہیں ہے۔ بھارت کے جھوٹے دعوے حقائق نہیں جھٹلا سکتے۔

زاہد حفیظ چودھری کا کہنا تھا کہ بھارت اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دینا ہوگا۔ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کا کشمیریوں سے وعدہ کیا گیا ہے۔
 

Advertisement