بیجنگ: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ فوج اور سول لیڈرشپ ایک پیج پر ہیں۔ کشمیر پر ہمارا موقف دو ٹوک ہے۔ کشمیر پر عوامی امنگوں سے نظر نہیں چرا سکتے۔ امید ہے سعودی عرب بھی کشمیر معاملے پر ہمارے ساتھ کھڑا ہوگا۔
انہوں نے بتایا ہے کہ کچھ دنوں قبل سعودی وزیر خارجہ سے کشمیر معاملے پر بات ہوئی تھی۔ جلد ہی مسلم امہ کے بیشترممالک کا بھی موقف سامنے آئے گا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر وزیراعظم عمران خان نے دوٹوک موقف پیش کیا جبکہ گزشتہ روز سعودی وزیر خارجہ نے بھی اسرائیل کے بارے میں ٹھوس موقف اپنایا۔
ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بیجنگ سے دنیا نیوز کے پروگرام ‘’دنیا کامران خان کیساتھ’’ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے چین کیساتھ گہرے تعلقات ہیں۔ مستقبل میں نئے دور کا آغاز ہونے والا ہے۔ چین اور پاکستان نے مل کر اپنے مشترکہ اہداف حاصل کرنے ہیں۔ سی پیک پر پیشرفت ہوئی، کورونا کے بعد اس کی رفتار کو تیز کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جلد چینی صدر شی جن پنگ پاکستان کا دورہ کریں گے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل میں ہمیں چین کا بھرپور تعاون اور حمایت حاصل ہے۔ خطے میں تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی سمت کا تعین کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دو روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے
خیا رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دو روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ پہنچ گئے ہیں۔ حنان ہوائی اڈے پر چین میں تعینات پاکستان کے سفیر معین الحق، چین کی وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام اور پاکستان سفارت خانے میں تعینات افسران نے وزیر خارجہ کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیر خارجہ اپنے مختصر دورہ چین کے دوران چینی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ "پاک چین سٹریٹیجک مذاکرات" کے دوسرے دور میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں جبکہ چینی وفد کی قیادت چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کریں گے۔
ان مذاکرات میں کرونا عالمی وبائی صورتحال ،پاک چین اقتصادی راہداری، سمیت مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
علاقائی سلامتی اور پاک چین دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے اس دورہ کو انتہائی اہمیت دی جا رہی ہے۔