پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹوں کے دوران 5 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے۔ بالاکوٹ کے دریا میں 4 افراد بہہ گئے، ایک کی لاش نکال لی گئی، حویلیاں کی ندی میں طغیانی کے باعث سڑک کا ایک حصہ بہہ گیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 24 گھنٹے میں خیبرپختونخوا میں 46 گھروں کو جزوی نقصان ہوا، 4 گھر مکمل طور پرتباہ ہوئے، متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ بونیر کے متاثرہ افراد میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔
بالاکوٹ کے دریا ئے کنہار میں بھی طغیانی آگئی، جس میں 4 افراد بہہ گئے، ایک کی لاش نکال لی گئی، حویلیاں میں بھی بارش کے باعث دوڑ ندی بپھر گئی جس سے رجوعیہ روڈ کا کچھ حصہ بہہ گیا۔ سڑک ٹوٹنے سے ایبٹ آباد اور حویلیاں کے درمیان رابطہ منقطع ہے۔
بٹگرام میں بارش کے باعث گھر پر پتھر گرنے سے 2 بچیاں زندگی کی بازی ہار گئیں، لاشیں نکال لی گئیں، خوشاب کے علاقے کٹھہ سگرال میں بھی بارش کے باعث گھر کی چھت گر گئی جس سے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔
اٹک میں بھی بارش کے باعث ندی اوور فلو ہوگئی، بر والہ میں گاڑی برساتی نالے میں بہہ گئی۔ کار میں سوار افراد کو مقامی لوگوں نے بچا لیا۔ میرپور خاص میں 8 روز گزر جانے کے باوجود نشیبی علاقوں سے بارش کا پانی نہیں نکالا جاسکا۔ گلیاں اور محلے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، کئی دنوں سے بجلی سے محروم لوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔