پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں سب سے بڑے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں اربوں روپے کے مالی نقصان کا انکشاف ہوا ہے، اسپتال کی ڈیپارٹمنٹل اکائونٹس کمیٹی نے آڈٹ رپورٹ جاری کردی۔
خیبر پختونخوا کے سب سے بڑے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں کورونا وائرس سے بچائو کے لیے سامان کا ریکارڈ نہ ہونے کے بعد ایک اور آڈٹ رپورٹ سامنے آگئی، ڈیپارٹمنٹل اکائونٹس کمیٹی نے ہسپتال میں اربوں روپے کے مالی نقصان کی نشاندہی کردی۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق ہسپتال میں 4 ارب 5 کروڑ 64 لاکھ روپے سے زائد کا حساب موجود نہیں جبکہ 4 ارب سے زائد رقم غیر ضروری طورپرخرچ کی گئی، اخراجات سے متعلق ہسپتال ریکارڈ میں تفصیل بھی موجود نہی، لوکل خریداری کیلئے قواعد و ضوابط پرعمل نہ کرتے ہوئے 80 کروڑ28 ہزار روپے خرچ کئے گئے، شہریوں نے نقصانات کی انکوائری کا مطالبہ کیا۔
ہسپتال میں 691 ملین روپے کے اخراجات سے متعلق بھی ریکارڈ موجود نہیں ہے، ہسپتال انتظامیہ کے مطابق معاملے کے حوالے سے محکمہ صحت اور دیگر اعلیٰ حکام کو تحریری جواب دے دیا گیا ہے، اکائونٹس کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں تمام معاملات واضح ہو جائیں گے۔ آڈٹ رپورٹ میں 15 کروڑ57 لاکھ روپے سے زائد کے کی جعلی معائنہ پرچیاں جاری ہونے کا انکشاف بھی کیا گیا ہے۔