سکھر: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے سکھر بیراج کا دورہ کیا، آبپاشی حکام کی جانب سے وزیراعلیٰ کو سکھر بیراج پر سیلابی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
آبپاشی حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گڈو کے مقام پر اس وقت اونچے درجے اور سکھر بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جہاں جہاں حفاظتی بندوں کو خطرہ ہے وہاں ان کی مرمت کی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اے آئی جی کو حفاظتی بندوں کی نگرانی پر مامور عملے کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کراچی میں وزیراعظم کو بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے آگاہ کیا تھا، 136 افراد بارشوں میں جاں بحق ہوئے، آج وزیر اعظم کو خط بھی لکھ دوں گا، 23 لاکھ لوگ 20 اضلاع میں بارشوں سے متاثر ہوئے، ہر جگہ جا رہا ہوں، چیئرمین پیپلز پارٹی تین دن کے لئے دورے پر نکل رہے ہیں۔