کراچی: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے ڈیفنس کو ڈبویا، انہیں عمران خان کو ووٹ دینے کی سزا دی گئی ہے، آدھا سندھ پانی میں ڈوبا ہوا ہے، 72 اموات ہوچکی ہیں۔
تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے دیگر اراکین کے ہمراہ سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈیفنس کے ڈوبنے کا ذمہ دار سندھ حکومت کو قرار دے دیا اور صوبے بھر میں 72 اموات کی ذمہ دار محکمہ آبپاشی کوقرار دیتے ہوئے افسران کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کا مطالبہ کیا۔
حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم دورہ کراچی میں اس شہر کے لئے بڑا اعلان کرینگے۔ نالوں سے تجاوزات کا خاتمہ، سیوریج کا نظام اور ٹرانسپورٹ سمیت 6 منصوبے شروع کرنا ترجیحات میں شامل ہیں۔
ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی میں سازش کی جارہی ہے، تحریک انصاف سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر شہر کی خدمت کرنا چاہتی ہے۔