فیصل آباد : (دنیا نیوز) وفاقی وزیر علی محمد خان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے امید کرتےہیں کہ ملکی مفاد کیلئے ایف اے ٹی ایف قانون کو تسلیم کریں گے۔ اگر پاکستان گرے لسٹ میں چلا گیا تو پاکستان کا مستقبل تاریک ہوجائے گا۔
سرکٹ ہاوّس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علی محمد خان کا مزید یہ کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے فیصل آباد کیلئے بھی 13ارب روپے کے بڑے پیکج کا اعلان کیا ہے۔ قوم نے جو اعتماد عمران خان اور تحریک انصاف پر کیا ہے ہم اسکو پورا کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف نے تبدیلی لاتے ہوئے پولیس، ایجوکیشن، اور ہیلتھ میں ریفارمز کیں۔ کے پی کے جیسی تبدیلیاں ہم پورے پاکستان میں لانا چاہتے ہیں۔ کے پی کے میں عوام کسی بھی پارٹی کو دوسرا موقع نہیں دیتے لیکن پی ٹی آئی کو کے پی کے کی عوام نے واضح اکثریت کے ساتھ دوسری مرتبہ منتخب کیا جوکہ گُڈ گورننس کی آپ مثال ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے امید کرتےہیں کہ وہ ملکی مفاد کیلئے ایف اے ٹی ایف قانون کو تسلیم کریں گے کیونکہ یہ قانون کوئی تحریک انصاف کا نہیں بلکہ ایف اے ٹی ایف کا اپنا قانون ہے۔ جس کو تسلیم کرتے ہوئے پاکستان کو گرے لسٹ سے باہر نکالاجاسکے گا۔ اگر پاکستان گرے لسٹ میں چلا گیا تو پاکستان کا مستقبل تاریک ہوجائے گا۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ اے پی سی ہاری ہوئی ٹیموں کی طرح ناکام اے پی سی ہے۔ اور فضل الرحمن کے پاس ہارے ہوئے کھلاڑیوں کا کٹھ جوڑ ہے۔
ان کا مزید یہ کہنا تھا کہ آج کا دن شہداء ملت کو خراج تحسین پیش کرنے کا ہے۔ ملکی مفاد اور ملکی دفاع کیلئے ہم تمام سیاسی پارٹیاں پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہیں۔ پاکستان کو حصوں میں تقسیم کرنے کے حوالے سے کی جانے والی ہندوستان اور اسرائیل کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کراچی کے عوام کیلئے بڑے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔ کراچی کے عوام کو فوائد پہنچانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور بلاول بھی کراچی کے شہری ہیں تو انہیں بھی منصوبوں سے فائدہ پہنچے گا۔