پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں ضم شدہ قبائلی ضلع مہمند کی تحصیل صافی میں سنگ مرمر کی کان کھدائی کے دوران اچانک بیٹھ گئی، حادثے میں 18 کان کن جاں بحق، 9 زخمی اور 11 افراد لاپتہ ہیں۔ ملبے تلے دبے محنت کشوں کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
حادثہ گزشتہ روز پیش آیا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلع مہمند کی تحصیل صافی میں ماربل مائنز میں معمول کے مطابق کام ہو رہا تھا کہ کان اچانک دھماکے سے بیٹھ گئی۔ اطلاع ملنے پر امدادی ٹیموں نے حادثے کی جگہ پر پہنچ کر کام شروع کر دیا، اب تک 18 کان کنوں کی لاشیں ملبے سے نکال لی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق امدادی کارروائیوں میں پاک آرمی، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ پشاور سے 5 ایمبولینس، اور ایک ریکوری وہیکل مہمند کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ آپریشن میں ریسکیو کے 120 سے زائد اہلکار حصہ لے رہے ہیں، لاپتہ ہونے والے 11 افراد کی تلاش جاری ہے۔
خیبر پختونخوا کے وزیر محنت شوکت یوسفزئی نے سانحہ ماربل مائنز مہمند پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ شوکت یوسفزئی کے مطابق جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔