آئی جی پنجاب سے ملاقات ہوئی، معاملہ آج حل ہو جائے گا: وزیراعلیٰ عثمان بزدار

Published On 08 September,2020 02:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آئی جی پنجاب سے ملاقات ہوئی، معاملہ آج حل ہو جائے گا، سب کی سفارش کرتا ہوں، کوئی فیورٹ نہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے آئی جی کے ساتھ ملاقات کی تصدیق کر دی۔ آئی جی پنجاب کے آفس نہ آنے کے سوال پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کام چل رہا ہے، میں نے کسی افسر کا بیان نہیں دیکھا، آئی جی یا سی سی پی او کا کوئی بیان میری نظر سے نہیں گزرا۔

ادھر آئی جی پنجاب اور سی سی پی او کا تنازع شدت اختیار کرگیا، وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے بعد بھی معاملہ حل نہ ہو سکا۔ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر دوسرے روز بھی دفتر نہ پہنچے۔ آئی جی پنجاب کی آج کی ملاقاتوں کا شیڈول بھی جاری نہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق سی سی پی او لاہور نے آئی جی پنجاب سے تحفظات دور کرنے کے سلسلے میں رابطہ کیا لیکن آئی جی پنجاب کی جانب سے کوئی جواب نہ آیا۔ پنجاب و وفاق کے اعلی حکومتی عہدیداروں نے سی سی پی او لاہور کو تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی حکومتی عہدیدار کا کہنا ہے کہ اگر کوئی پنجاب میں کام نہیں کرنا چاہتا تو وہ کام نہ کرے، البتہ قانون اور میرٹ کو مدنظر رکھنا ہوگا، بہت سوچ سمجھ کر اور رپورٹس دیکھنے کے بعد ایک مقصد کے تحت سی سی پی او کی تعیناتی کی گئی۔

ذرائع کے مطابق سی سی پی او عمر شیخ نے کہا ہے کہ لاہور میں سب افسران کو کام کرنا ہے جس نے نہیں کرنا وہ جاسکتا ہے۔
 

Advertisement