لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ اشیا ضروریہ کے نرخ پنجاب میں سب سے کم ہے، صوبائی حکومت کے دو برس عوامی خدمت سے عبارت ہیں، مہنگائی کے مستقل سدباب کیلئے پرائس کنٹرول اتھارٹی بنا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے رکن قومی اسمبلی رخسانہ نوید نے ملاقات کی، رخسانہ نوید نے پنجاب حکومت کے کامیابی سے عوامی خدمت کے 2 برس مکمل ہونے پر وزیراعلی عثمان بزدار کو مبارکباد دی۔
ان کا کہنا تھا کہ غریب آدمی اور کمزور طبقے کی فلاح و بہبود کیلئے ہمارا نصب العین ہے، لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا فرض بھی ہے اور ذمہ داری بھی، دو برس کے دوران دن رات عوام کی خدمت کی ہے۔
عثمان بزدار نے کہا ہے کہ فیصلے کرتے ہوئے ہمیشہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھا، میری ٹیم عوام کی عدالت میں سرخرو ہے، پنجاب شفافیت، میرٹ اور گڈ گورننس میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں سب سے آگے ہے۔
رکن قومی اسمبلی رخسانہ نوید کا کہنا تھا کہ آپ نے پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کے لیے انتہائی دلجمعی اور بے پناہ محنت سے کام کیا ہے، پنجاب سے ون مین شو کے منفی کلچر کے خاتمے کا کریڈٹ آپ کو جاتا ہے۔