لاہور: (دنیا نیوز) راولپنڈی کے عوام کے لئے بڑی خوشخبری، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے راولپنڈی رنگ روڈ کے منصوبے کی منظوری دیدی۔ انہوں نے کہا راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ 50 ارب روپے کا میگا منصوبہ ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا راولپنڈی کے لوگوں سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کریں گے، رنگ روڈ بننے سے راولپنڈی کے شہریوں کے ٹریفک مسائل حل ہوں گے، علاقے میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی، منصوبے کے امور کی ٹائم لائن طے کی جائیں اور تیزی سے معاملات آگے بڑھائے جائیں، اس منصوبے میں طے کردہ ٹائم لائن میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیے، حکومت منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لئے پوری سپورٹ فراہم کرے گی۔
پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پالیسی اینڈ مانیٹرنگ بورڈ کے اجلاس میں 10 دیگر منصوبوں کے لئے ٹرانزیکشن ایڈ وائزر مقرر کرنے کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پی پی پی پراجیکٹ کے لئے پراسیس کی مدت کو کم سے کم کرنے کی ہدایت کی۔ عثمان بزدار نے کہا پی پی پی موڈ میں منصوبوں کو جلد سے جلد آن گراؤنڈ ہونا چاہیے، ایسا میکنزم تشکیل دیا جائے جس سے پی پی پی موڈ کے منصوبوں کو جلد شروع کیا جاسکے، اس ضمن میں قانونی پہلوؤں کو بھی مد نظر رکھا جائے، پنجاب حکومت اگلے چند روز میں شیخوپورہ گوجرانوالہ روڈ کے تعمیراتی کاموں کا آغاز کرے گی۔