اسلام آباد: (دنیا نیوز) ہوا بازی کی بین الاقوامی ٹیم انٹر نیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن آپریشنل سیفٹی نے قومی ائیر لائن کا آڈٹ مکمل کرلیا۔ آڈٹ ٹیم کی جانب سے پی آئی اے کی عبوری رپورٹ میں اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن آپریشنل سیفٹی کی جانب سے قومی ائیر لائن کے تمام شعبہ جات کا آڈٹ کیا گیا۔ پی آئی اے کی 2018 میں ہونیوالی آڈٹ کے مقابلے میں مشاہدات کئی درجہ کم نکلے۔
رپورٹ کے مطابق آڈٹ ٹیم نے سیفٹی کے ایک ہزار 72 پیرا میٹر کے اوپر جانچ مکمل کی۔ پی آئی اے نے پیرا میٹر پر آڈٹ کو مطمین کرلیا۔ فلائٹ آپریشن، پسنجر سروسز، سیفٹی سیکیورٹی انجینئرنگ سمیت اہم شعبہ جات کی جانچ کی گئی۔ آڈٹ کا مقصد پی آئی اے کے سیفٹی میعار اور طیاروں کی جانچ پڑتال ہے۔
آئی اے ٹی اے کے تحت تجارتی ہوا بازی کی حفاظت کی کارکردگی کے نتائج جاری کیے جاتے ہیں۔ یورپین یونین کی جانب سے معطلی کے بعد پی آئی اے کا آئی او ایس اے آڈٹ کلیئر کرنا بہت اہم ہے۔ آئی او ایس اے کی جانب سے اطمینان کے اظہار سے پی آئی اے کی فلائٹ سیفٹی خدشات کا دباؤ بہت کم ہوگا۔