العزیزیہ ریفرنس:پنجاب حکومت کا نوازشریف کیخلاف ایکشن لینے کا مطالبہ

Published On 14 September,2020 05:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے العزیزیہ ریفرنس نواز شریف ضمانت کیس میں وفاقی وزارات قانون اور نیب کو خطوط لکھے دئیے۔ صوبائی حکومت نے نواز شریف کے خلاف ایکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے میڈیکل رپورٹ پر سوالات اٹھائے ہیں۔

صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے نمائندے عطاء تارڑ نے 14 جنوری 2020ء کو رپورٹ جمع کرائی جو میڈیکل بورڈ کو بھیجی گئی۔

میڈیکل بورڈ کے مطابق نواز شریف کی جسمانی حالت اور لیبارٹری رپورٹ کو میڈیکل رپورٹس کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ 18 اور 29 جنوری کو نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس کے لیے دو خطوط لکھے گئے۔ 21 فروری کو نواز شریف کے معالج ڈاکٹر عدنان بذریعہ ویڈیو لنک میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش ہوئے لیکن نواز شریف کی لیبارٹری اور دیگر طلب رپورٹس پیش نہیں کیں۔

خط میں مزید بتایا گیا ہے کہ 25 فروری کو معاملہ پنجاب کی صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا تو فیصلہ ہوا کہ نواز شریف کی ضمانت میں توسیع نہ کی جائے۔ بار بار یاد دہانی کے باوجود نواز شریف تازہ میڈیکل رپورٹس جمع کرانے میں ناکام رہے۔ نواز شریف ضمانت میں توسیع اور سزا معطلی کے حق دار نہیں، اب وزارت قانون اور نیب نواز شریف کیخلاف العزیزیہ ریفرنس میں مناسب ایکشن لے۔