وزیراعظم عمران خان کا موٹروے کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم

Published On 15 September,2020 10:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے موٹروے کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کرتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ مجرموں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے۔

تفصیل کے مطابق وزیراعظم کے زیر صدارت لاہور میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں آئی جی پنجاب انعام غنی نے بچوں اور خواتین کیساتھ زیادتی کے واقعات پر بریفنگ دی اور موٹروے خاتون زیادتی کیس میں ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔

اجلاس میں امن وامان، اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور ان کی قیمتوں اور پنجاب میں فلاحی منصوبوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ ملک میں ایک ایمرجنسی نمبر کے نفاذ اور جرائم کا سینٹرل ڈیٹا بیس قائم کرنے پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے منشیات فروشوں اور قبضہ مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کا بھی حکم دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ خصوصاً گندم کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے بچوں اور خواتین کیساتھ زیادتی واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انصاف، تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے۔ عوام کو بااختیار بنانے سے بہتر طرز حکومت یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ فلاحی ریاست کی جانب سفر ہی قوم کی خوشحالی کا سفر ہے۔

اجلاس میں پناہ گاہوں اور لنگر خانوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سہولیات کی فراہمی کا مقصد غریبوں کی خدمت کرنا ہے۔ پناہ گاہوں میں آنیوالوں کی عزت نفس کا خیال رکھا اور دہاڑی دار طبقے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ضرورت کے پیش نظر مزید پناہ گاہوں کا قیام عمل میں لایا جائے۔
 

Advertisement