اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کشمیر میں بھارتی حکمت عملی مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، وزیراعظم عمران خان 25 ستمبر کو جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر پربات کریں گے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر طاقت کااستعمال گزشتہ 7 دہائیوں سے کر رہا ہے، طاقت کے استعمال سے یہ مسئلہ حل نہیں ہو گا، کشمیر میں بھارتی حکمت عملی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ حکمت عملی ناکام ہونے کی آوازیں بھارت کے اندر سے اٹھ رہی ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے یکطرفہ قوانین اور بندشوں کے ذریعے کشمیریوں کی آوازکو دبانا چاہا، 5 اگست 2019ء کے بعد کشمیریوں پر جو مظالم ڈھائے گئے اس کی مثال نہیں ملتی۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت وقتی طور پر آواز دبانے میں کامیاب تو ہوسکتا ہے مگر ان مظالم سے مسئلہ حل نہیں ہو گا۔ بھارتی اقدامات کی وجہ سے آج کشمیریوں میں اشتعال پایا جاتا ہے، آج مقبوضہ کشمیر میں آزاد کشمیر کا پرچم لہرایا جا رہا ہے، کشمیر میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگتے ہیں۔
وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم کشمیر کا مسئلہ ہرفورم پراٹھاتے رہیں گے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان 25 تاریخ کو جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اپنے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر پربات کریں گے، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ نے کیسے نظر انداز کیا، اس پربات ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے جہاں بہت سی کامیابیاں سمیٹی ہیں وہاں فلسطین اور کشمیرکے مسئلہ کو حل کرنے میں ناکام رہا ہے۔ کشمیرمیں انسانی حقوق کو بے دردی سے پامال کیا جا رہا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ریکوڈک کے معاملے میں کامیابی پر سب کو مبارکباد دیتا ہوں، پاکستان کو وقتی طور پر ایک بہت بڑا ریلیف ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین ہمارا دوست ہے، مشکل وقت میں چین نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ہے، سعودی عرب کے ساتھ ہمارے بہت گہرے تاریخی تعلقات ہیں، سعودی عرب کے ساتھ ہمارا ایک جذباتی لگاؤ ہے۔
مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا کہ ہم نے تعلیمی ادارے کھول دیئے ہیں، وہاں بھی ہمیں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہوگا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ طبی ماہرین بار بار اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ موسم سرما میں کورونا کی دوسری لہر آسکتی ہے، ہمیں احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے رہنا ہوگا تاکہ ہم غفلت کے مرتکب نہ ہوں۔