اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ایک اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں وفاقی کابینہ کے ارکان اور دیگر حکام شریک تھے۔ اس موقع پر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی جارحیت پر بریفنگ دی گئی۔
دوسری جانب وزیراعظم کے زیر صدارت اجلاس میں سبسڈی کے نظام کو شفاف بنانے کے لیے حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ سبسڈی کے معاملے میں حکومت کی ترجیحات واضح ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سبسڈیز کا مقصد مزور طبقوں کی معاونت اور سماجی ومعاشی ترقی کا فروغ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ غیر مستحق افراد کا سبسڈیز کے نظام سے فائدہ اٹھانا صرف سرکاری وسائل کا ضیاع اور مستحق افراد کی حق تلفی ہے۔ حکومتی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے قابل عمل تجویز کے حوالے سے روڈ میپ مرتب کیا جائے۔