پشاور: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کیخلاف انکوائری شروع کر دی ہے۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ پر آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے مولانا فضل الرحمن کو اگلے ہفتے دفتر میں طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم کی جانب سے مولانا فضل الرحمان سے آمدن کے زائد اثاثوں سے متعلق معلومات لی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات، سیاسی صورتحال پر بات چیت
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں مجموعی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
بلاول ہاؤس کراچی میں ہونے والی ملاقات میں حکومت کے خلاف تحریک کے معاملے پر بھی گفتگو کی گئی جبکہ اے پی سی کے بعد کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال گیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ رکن قومی اسمبلی نوید قمر بھی ملاقات میں موجود تھے جبکہ جمعیت علمائے اسلام کے وفد میں مولانا راشد سومرو، مولانا عبیدالرحمان اور اسلم غوری شامل تھے۔