عالمی برادری مظلوم کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے نجات دلانے کیلئے آگے آئے، وزیر خارجہ

Published On 22 September,2020 06:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مظلوم کشمیری عوام کو ظالمانہ بھارتی تسلط سے نجات دلانے کیلئے آگے آئے۔


اسلام آباد میں کشمیر کے بارے میں خصوصی کمیٹی کے چھٹے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس سے اپنے خطاب میں دنیا کی توجہ غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی طرف مبذول کرائینگے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کی ہندوتوا پالیسیوں اور بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم سے آگاہ کر رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں اور کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے جارحانہ رویے سے خطے کے امن و سلامتی کو سنگین خطرہ لاحق ہے۔