لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے فرائض سے غفلت برتنے پر لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے چیف میونسپل آفیسر علی بخاری کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار لاہور شہر کے مسائل حل کرنے کے لئے متحرک ہو چکے ہیں۔ انہوں نے سٹریٹ لائٹس کی بندش اور دیگر مسائل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے حکام کی سخت سرزنش کی ہے۔
گزشتہ روز بھی وزیراعلیٰ کے حکم پر ایل ڈبلیو ایم سی کے ایم ڈی سے عہدے کا چارج واپس لیا گیا تھا۔ عثمان بزدار نے میٹرو بس سروس کے بعض سٹیشن پر لائٹس بند ہونے کا سخت لیتے ہوئے اتھارٹی کے دو آفیسرز کو بھی منصب سے ہٹانے کا حکم دیدیا ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام کو سٹیشنز پر لائٹس فنکشنل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لاہور کے شہریوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے لائن آف ایکشن تیار کر لیا ہے۔
عثمان بزدار نے اعلان کیا ہے کہ میں ہر ماہ باقاعدگی سے پیشرفت کا جائزہ لوں گا۔ اچھے کام پر حوصلہ افزائی کی جائے گی اور خراب کارکردگی پر بازپرس ہوگی۔