لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو ناکام ڈرامے پر منفی سیاست سے توبہ کرلینی چاہیے، اپوزیشن جماعتوں کا گٹھ جوڑ عوام کیلئے نہیں بلکہ اپنی کرپشن بچانے کیلئے ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا اپنے بیان میں کہنا تھا اے پی سی کے نام پر ملکی مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دینا عوام کے ساتھ سنگین مذاق ہے، اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، ان عناصر نے اپنے دور میں پاکستان کی ترقی کا سفرکھوٹا کیا، اے پی سی کے نام پر اپوزیشن کا اکٹھ بری طرح فلاپ رہا۔
عثمان بزدار نے کہا 22 کروڑ عوام نے اپوزیشن کے غیر جمہوری طرز عمل کو مسترد کر دیا ہے، کرپٹ عناصر سن لیں، قوم بے لاگ احتساب کی حامی ہے، وزیر اعظم عمران خان کرپشن کے خلاف جنگ کر رہے ہیں اور اپوزیشن لوٹ مار سے جمع دولت بچانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔
دوسری جانب امن کے عالمی دن پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے پیغام میں کہا پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور پاکستانی امن پسند قوم ہے، پاکستانی قوم سے زیادہ کسی اور نے امن کیلئے قربانیاں نہیں دیں، پاکستان اور اس کے عوام امن کی اہمیت اور ضرورت سے بخوبی آگاہ ہیں، علاقائی اور بین الاقوامی امن کی کوششوں میں پاکستان ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا پاکستان کا آگ سے امن تک کا سفر شہداء کی قیمتی قربانیوں کا مرہون منت ہے، شہداء امن کے پیامبر ہیں جن کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے، پاکستان کو انتہا پسندی اور دہشت گردی کی جنگ میں بے پناہ قربانیاں دینے کے بعد امن نصیب ہوا ہے، شدت پسند اور انتہا پسند عناصر امن کیلئے مسلسل خطرہ ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا بھارت کا انتہا پسند انہ رویہ خطے میں امن کے لئے خطرہ ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی سرکار نے غیر قانونی اقدام کر کے امن کی تمام کوششوں کو سبوتاژ کیا ہے۔