وزیراعلیٰ پنجاب کا ڈسٹرکٹ جیل ملتان کا دورہ، فرائض سے غفلت پر سپرنٹنڈنٹ جیل معطل

Published On 17 September,2020 06:49 pm

ملتان: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے قیدیوں کے مسائل اور فرائض سے غفلت پر ڈسٹرکٹ جیل ملتان کے سپرنٹنڈنٹ کو معطل کر دیا ہے۔

تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ جیل ملتان کا دورہ کیا۔ جیل میں قیدیوں کے مسائل اور فرائض سے غفلت پر سپرنٹنڈنٹ جیل چودھری ارشد وڑائچ کو معطل کردیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جیل کے ہسپتال کا بھی معائنہ کیا اور قیدی مریضوں کو فراہم کی جانے والی علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دل کے عارضے میں مبتلا قیدی کو علاج کی بہترین سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر عثمان بزدار نے قیدیوں میں تحائف بھی تقسیم کئے، بیرکوں میں جا کر ان سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں آپ کے مسائل حل کرنے کیلئے آیا ہوں، بلا خوف مجھے اپنے دل کی بات بتائیں۔

وزیراعلیٰ نے بیرکوں میں پنکھوں کی کم رفتار پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے ایگزاسٹ فین لگانے کی ہدایت کی۔ عثمان بزدار نے شکایت باکس کھولنے کا کہا تو جیل کا عملہ چابی نہ ڈھونڈ سکا۔ شکایت باکس توڑنے پر خالی نکلے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر شکایت باکس خالی پڑے ہیں تو انہیں رکھنے کا کیا فائدہ؟ اس کے علاوہ الیکٹرک واٹر کولر میں پانی ٹھنڈا نہیں تھا۔ استفسار پر سپرنٹنڈنٹ جیل تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔
 

Advertisement