ملتان: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے متی تل روڈ پر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنانے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ 500 کنال اراضی پر محیط ہوگا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا سیکرٹریٹ کے ڈیزائن کی منظوری دے دی، سیکرٹریٹ میں دفاتر، رہائش گاہیں، سی ایم آفس، مسجد اور دیگر ضروری سہولتیں مہیا کی جائیں گی، جنوبی سیکرٹریٹ میں اربن فاریسٹ بھی بنایا جائے گا، سیکرٹریٹ کی عمارت 5 منزلہ ہوگی، جنوبی پنجاب کے رہنے والوں کو اپنے کام کے سلسلے میں لاہور نہیں آنا پڑے گا، جنوبی پنجاب کے رہائشیوں کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں گے۔
عثمان بزدار نے ملتان میں جم خانہ کلب بنانے کی بھی اصولی منظوری دے دی۔ انہوں نے کہا جم خانہ کلب میں سپورٹس، ان ڈور گیمز کے کورٹس، گیسٹ رومز، سوئمنگ پول، شوٹنگ کلب اور رائیڈنگ کلب بھی بنیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے نشتر ہسپتال ٹو کے کام جلد از جلد مکمل کر کے فنکشنل کرنے کی ہدایت کر دی۔ ان کا کہنا تھا نشتر ہسپتال ٹو کے پہلے فیز کو جلد آپریشنل کیا جائے، پہلے مرحلے میں ہسپتال میں 500 بیڈز رکھے گئے ہیں، یہ منصوبہ 5 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جا رہا ہے۔