لاہور: (دنیا نیوز) بزدار حکومت کی جانب سے جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے ایک اور خوشحبری، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بہاولپور اور ملتان میں سول سیکرٹریٹ کے ماڈل کی منظوری دے دی۔ پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے دونوں سیکرٹریٹ کے ماڈل تیار کیے ہیں۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا سول سیکرٹریٹ ساؤتھ پنجاب بہاولپور اور سول سیکرٹریٹ ساؤتھ پنجاب ملتان کو جدید ترین طرز پر تعمیر کیا جائیگا، جنوبی پنجاب کے عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کریں گے، تحریک انصاف کی حکومت کھوکھلے نعروں پر نہیں عملی اقدام پر یقین رکھتی ہے، جنوبی پنجاب کے دونوں سیکرٹریٹ کے منصوبوں کا سنگ بنیاد جلد رکھا جائے گا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں جنوبی پنجاب میں پہلی بار ترقی کا نیا دور شروع ہوا ہے، سابق حکومتیں وعدوں پر جنوبی پنجاب کے عوام کو بہلاتی رہیں، سابق دور میں جنوبی پنجاب کو بری طرح نظر انداز کیا گیا، جنوبی پنجاب کے فنڈز من پسند ضلعوں پر خرچ کیے گئے، ہم جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق دے رہے ہیں، جنوبی پنجاب کے لئے مخصوص فنڈ صرف وہاں ہی خرچ ہوں گے۔