لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے پنجاب کے نئے انسپکٹر جنرل پولیس انعام غنی نے ملاقات کی۔ عثمان بزدار نے آئی جی پولیس کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے ہدایات دیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے نئے انسپکٹر جنرل پولیس انعام غنی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ عثمان بزدار کا ملاقات میں کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے، کوئی دباؤ قبول نہ کیا جائے، میرٹ اور قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنائیں، غلط کام کیلئے کسی کا دباؤ خاطر میں نہ لائیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری اور اولین فرض ہے، عوام کو پولیس سے بہت توقعات ہیں، پولیس کو مکمل طور پر غیر جانبدار بنانا ہے۔