لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب نے رات گئے بغیر پروٹوکول ملتان کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، عثمان بزدار نے صفائی کی خراب صورتحال اور سٹریٹ لائٹس کی بندش کا نوٹس لیتے ہوئے ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ڈپٹی منیجر اور انچارج سٹریٹ لائٹس محمد نفیس احمد کو معطل کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر چیف آفیسر ملتان میٹروپولٹین کارپوریشن کو انکوائری افسر مقرر کر دیا گیا۔ عثمان بزدار نے بوسن روڈ، ملتان پبلک سکول اور بعض دیگر علاقوں میں کوڑا کرکٹ دیکھ کر سخت ناراضگی کا اظہار کیا، جس پر ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی جواب طلبی کر لی گئی، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر چیف ایگز یکٹو آفیسر ایم ڈبلیو ایم سی سے 2 روز میں تحریری وضاحت مانگ لی گئی ہے۔
چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن سب انجینئر نفیس احمد کے خلاف 2 روز میں انکوائری کر کے رپورٹ پیش کریں گے جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ایم ڈبلیو ایم سی کے ڈپٹی منیجر عثمان خورشید کے خلاف بھی انکوائری کی رپورٹ 2 روز میں پیش کی جائے گی۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ملتان شہر کی صفائی کی ذمہ داری ایم ڈبلیو ایم سی پر عائد ہوتی ہے، کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کروں گا، شہر میں صفائی کی صورتحال کا خود جائزہ لیا، وارننگ کے باوجود بہتری نہ ہونا افسوسناک ہے، شہر میں سٹریٹ لائٹس کو ترجیحی بنیادوں پر فوری طو رپر درست کیا جائے، سٹریٹ لائٹس روشن نہ ہونے سے عوام کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔