سیاسی محاذ پر ہلچل، لیگی اراکین پنجاب اسمبلی کی عثمان بزدار سے ملاقات

Published On 29 September,2020 10:04 am

لاہور: (دنیا نیوز) سیاسی محاذ پر ہلچل، پاکستان مسلم لیگ ن کے اراکین پنجاب اسمبلی نے وزیر اعلی عثمان بزدار سے ملاقات کی ہے۔ لیگی منتخب نمائندوں نے عثمان بزدار کو اپنے حلقوں اور علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا، وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی کو مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

 وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے مختلف اضلاع سے مسلم لیگ ن کے اراکین صوبائی اسمبلی نے رابطہ کیا ہے، عثمان بزدار سے گوجرانوالہ سے مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی چودھری اشرف علی انصاری، محمد غیاث الدین، محمد فیصل خان نیازی نے ایوان وزیراعلی میں ملاقات کی۔ نواز شریف کا بیانیہ مسترد کرنے والے مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں جلیل احمد شرقپوری بھی وزیر اعلی سے ملے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا میرے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں، اراکین اسمبلی کے جائز مسائل فوری حل کیے جائیں گے، اراکین پنجاب اسمبلی میرے دست و بازو ہیں، انہیں عزت و احترام دیں گے، نئے پاکستان میں کرپشن اور کرپٹ عناصر کی کوئی گنجائش نہیں، تنقید کی پرواہ کیے بغیر عوامی خدمت کے سفر کو آگے بڑھائیں گے۔

عثمان بزدار نے مزید کہا ماضی کے حکمرانوں نے ون مین شو کے ذریعے تمام اختیارات اپنی ذات تک محدود رکھے۔ (ن) لیگی اراکین اسمبلی نے کہا عوام کی خدمت کے سفر میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

 

Advertisement