کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں گیس بحران پر آواز اٹھانا اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کو مہنگا پڑگیا۔ تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت نے فردوس شمیم نقوی کو استعفیٰ دینے کی ہدایت کر دی۔ استعفی منظور ہونے کی صورت میں پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ اور خرم شیر زمان اپوزیشن لیڈر کے مضبوط امیدوار ہیں۔
کراچی میں گیس کی قلت کے معاملے پر وزیراعظم اور عمر ایوب کو حیا دلانے کا وعدہ کرنے والے فردوس شمیم نقوی سے تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت ناراض ہوگئی۔ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کا عہدہ چھوڑنے کی ہدایت کر دی گئی، چند روز پہلے کی ہی بات ہے فردوس شمیم نقوی جذباتی ہوکر جارحانہ انداز میں اپنی ہی قیادت کو للکار بیٹھے تھے۔
بعد میں ٹوئٹر پر معافی تو مانگی مگر بات بنی نہیں۔ اعلیٰ قیادت نے ٹی وی پر بیان تو دیکھا مگر سوشل میڈیا پر معافی نہیں، کھلاڑی رہنما سے استعفیٰ طلب کرلیا گیا۔ کہا گیا کہ فردوس شمیم نقوی سندھ حکومت کو ٹف ٹائم نہ دے سکے، کارکردگی متاثر کن نہیں۔
کچھ پی ٹی آئی اراکین کو اپوزیشن لیڈر کے رویے سے بھی شکایت ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے بھی معافی کے لیے دوڑ دھوپ تیز کر دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فردوس شمیم نقوی نے اپنی جماعت کے ایم پی ایز سے رابطے کر کے اپنے حق میں اور معافی دلوانے کے لیے خط لکھنے کی درخواست کی ہے۔