مہمند: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سندھ سے منتخب پارٹی نے کراچی کیلئے کچھ نہیں کیا، پنجاب میں ایک شہر کو اوپر اٹھایا گیا باقی پیچھے رہ گئے، زیادہ سے زیادہ فنڈز قبائلی علاقوں پر خرچ کریں گے۔
مہمند میں عائدین سے وزیراعظم عمران خان کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا ہر حکومت کا ایک نظریہ ہوتا ہے، ہمارا نظریہ ریاست مدینہ ہے، کمزور طبقے کو اوپر لانا ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے، مدینہ میں دنیا کی پہلی فلاحی ریاست بنائی گئی، ریاست مدینہ میں بوڑھوں، بیواؤں اور غریبوں کی ذمہ داری لی گئی۔
وزیراعظم نے کہا اندرون سندھ، قبائلی علاقے بہت پیچھے رہ گئے ہیں، اندرون سندھ سے منتخب ہونیوالے کراچی کیلئے کچھ نہیں کرتے، (ن) لیگ کا گڑھ سینٹرل پنجاب تھا، جو علاقے پیچھے رہ گئے ہیں ہم نے ان پر توجہ دینی ہے، کوشش ہے زیادہ فنڈز قبائلی علاقے پر خرچ کریں، صوبوں نے وعدہ کیا تھا قبائلی علاقے کو 3 فیصد این ایف سی ایوارڈ دیں گے، اب صوبے این ایف سی ایوارڈ میں حصہ دینے کو تیار نہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کورونا کی وجہ سے پیسہ کم اکٹھا ہوا، بلوچستان اور قبائلی علاقوں کو فنڈز ملنے چاہئیں، فنانس منسٹری کو کہا ہے قبائلی علاقوں کو فنڈز دیں، جب سے پاکستان بنا ہے قبائلی علاقے میں خوشحالی نہیں آئی، سب سے زیادہ غربت قبائلی علاقوں میں ہے، تجارت کی وجہ سے قبائلی علاقوں میں ترقی ہوگی۔
وزیراعظم نے مزید کہا افغانستان میں امن مذاکرات شروع ہوگئے، ایسے ملک موجود ہیں جو نہیں چاہتے افغانستان میں امن ہو، انسداد سمگلنگ کیلئے پاک افغان سرحد پر باڑلگ گئی، بارڈر مارکیٹ کھولنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا دشمن نہیں چاہتے قبائلی علاقوں کا انضمام ہو، دشمن کی کوشش ہے قبائلی علاقوں کے انضمام میں رکاوٹیں ڈالی جائیں۔