اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت کی جانب سے شہریوں کی مشکلات اور شکایت کے ازالے کیلئے پاکستان سیٹیزن پورٹل ہیلپ لائن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ سیٹیزن پورٹل ہیلپ لائن سے عوام کو اداروں تک براہ راست رسائی دی گئی ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ سیٹیزن پورٹل ہیلپ لائن کا مقصد شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر اس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان سینیٹزن پورٹل پر بلا امتیاز مسائل کو حل کیا جاتا ہے۔ حکومت کو 25 لاکھ شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 23 لاکھ کا ازالہ کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیٹیزن پورٹل سے حکومت اور عوام کے درمیان فاصلہ کم ہو گیا ہے۔ پاکستان سیٹیزن پورٹل پر بلا امتیاز اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر شکایات کا ازالہ کیا جا رہا ہے۔