اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام چینی صدر شی جن پنگ کا خیر مقدم کرنے کے منتظر ہیں۔ یہ بات انہوں نے سفیر یاؤجنگ کیساتھ ملاقات کے دوران کہی۔
تفصیل کے مطابق پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤجنگ نے وزیراعظم عمران خان سے الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ان کے کردار کو سراہا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چینی قیادت نے اپنے ملک کی سماجی اور معاشی تبدیلی میں قابل ذکر کردار ادا کیا۔ چین کی معاشی ترقی اور غربت کے خاتمے کی مثال سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔
انہوں نے سفیر یاؤجنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل ہوا۔ اس مرحلے میں صنعتی، زرعی، سماجی اور اقتصادی ترقی پر توجہ دی جا رہی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کا دوسرا فیز علاقائی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے سفیر یاؤجنگ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن اور قیادت کا پاکستان کی تبدیلی میں اہم کردار ہے۔ غربت کے خاتمے اور عوام کی ترقی پر وزیراعظم کی ذاتی توجہ کی بدولت سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ سی پیک پاکستان سمیت پورے خطے کے لوگوں کو بے پناہ فوائد فراہم کرے گا۔
چینی سفیر نے کہا کہ کوویڈ 19 پر پاکستان کی ‘’سمارٹ لاک ڈاؤن’’ کی پالیسی کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا گیا۔ کورونا وائرس کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لئے اس آئیڈیا پر عمل کیا جا سکتا ہے۔
سفیر یاؤجنگ کا کہنا تھا کہ پاکستان سے اچھی یادیں لے کر جا رہا ہوں۔ پاکستان اور چین کے تعلقات کو مزید مستحکم دیکھنے کا خواہشمند ہوں۔ چین قومی ترقی اور مقاصد کے حصول میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔