اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے افغان صدر اشرف غنی کو ٹیلیفون امن عمل کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اس ٹیلی فونک گفتگو میں طالبان اور افغان حکومت کے مذاکرات پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مثبت کوششوں سے امریکا طالبان امن معاہدہ اور انٹرا افغان مذاکرات کا آغاز ہوا۔
وزیراعظم عمران خان نے دوحہ میں انٹرا افغان مذاکرات پر فریقین کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے جنگ بندی اور تشدد میں کمی کیلئے افغان جماعتوں کے کردار کی اہمیت پر زوردیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ تمام افغان سٹیک ہولڈرز کو اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ افغان قیادت کو خود ایک جامع سیاسی معاہدے کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے افغان صدر کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان افغان عوام کے بہتر مستقبل کے لیے کیے گئے فیصلوں کی مکمل حمایت کرے گا۔ وزیراعظم نے پاک افغان تعمیری روابط، امن واستحکام سمیت افغان عوام کی خوشحالی کی اہمیت پر بات کی۔
دوران گفتگو انہوں نے بتایا کہ افغان قومی کونسل برائے قومی مفاہمت کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ اگلے ہفتے اسلام آباد آئیں گے۔ وزیراعظم نے دورے کی دعوت پر صدر اشرف غنی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ وہ جلد افغانستان کا دورہ کریں گے۔