کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں کورونا کیسز میں نمایاں اضافہ، ضلع غربی منگھو پیر کی یوسی 8 کے 2 اپارٹمنٹ میں 22 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، جس کے بعد ڈپٹی کمشنر ویسٹ نے دو ہفتے کے لئے متاثرہ یوسی میں مائکرو سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یو سی آٹھ کے سمامہ ولاز اور صائمہ سٹی میں کیسز بڑھنے کے وجہ سے مائکرو سمارٹ لاک ڈاوُن لگایا گیا، مائکرو سمارٹ لاک ڈاوُن کے تحت متاثرہ علاقے میں ہوم ڈلیوریز پر پابندی عائد ہوگی، علاقے میں آنے جانے والے ہر شخص کو ماسک پہنا لازمی ہوگا جبکہ نجی ٹرانسپورٹ، ڈبل سواری اور عوامی اجتماعات پر پابندی ہوگی۔ ضلع جنوبی میں بھی انتظامیہ حرکت میں آئی اور 9 ریسٹورنٹس کو سیل کر دیا۔
دوسری جانب کمشنر کراچی سہیل راجپوت کی سربراہی میں اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ خلاف ورزی کرنے والے ریسٹورنٹس اور میرج ہالز کو کم از کم تین دن بند کیا جائے گا، سکولوں میں کورونا ٹیسٹنگ میں اضافہ کیا جائے، خلاف ورزی کرنے والے سکولوں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے گا۔
خیال رہے کورونا وائرس سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 484 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 12 ہزار 806 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 543 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 99 ہزار 479، سندھ میں ایک لاکھ 37 ہزار 106، خیبر پختونخوا میں 37 ہزار 811، بلوچستان میں 15 ہزار 281، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 787، اسلام آباد میں 16 ہزار 611 جبکہ آزاد کشمیر میں 2 ہزار 731 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 35 لاکھ 48 ہزار 476 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 34 ہزار 239 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 2 لاکھ 97 ہزار 497 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 490 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 5 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 484 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 235، سندھ میں 2 ہزار 499، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 260، اسلام آباد میں 182، بلوچستان میں 146، گلگت بلتستان میں 88 اور آزاد کشمیر میں 74 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔