اسلام آباد: (دنیا نیوز) وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو پاک بحریہ کانیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی ایڈمرل ظفرمحمود عباسی کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالیں گے جو اس ماہ کی سات تاریخ کو اپنےعہدے سے سبکدوش ہورہے ہیں، کمان کی تبدیلی کی تقریب پی این ایس ظفر اسلام آباد میں ہوگی۔
وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اپنے شاندار کیرئیر کے دوران پاک بحریہ کے مختلف عہدوں پرخدمات انجام دے چکے ہیں۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو 7 اکتوبر 2020ء کو ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دی جائے گی۔ وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے 1985ء میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔
انہوں نے کمیشننگ کے موقع پر پاکستان نیول اکیڈمی سے اعزازی شمشیر حاصل کی۔ وہ متعدد کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج لاہور، کمانڈر پاکستان فلیٹ اور کمانڈر کراچی کے فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔
وہ چیف آف دی نیول اسٹاف کے پرنسپل سیکرٹری، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ ایوالیو ایشن) اور ڈائریکٹر جنرل نیول انٹیلیجنس کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔
وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اس وقت چیف آف اسٹا ف (آپر یشنز) کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
انھیں غیر معمولی پیشہ ورانہ خدمات اور بہادری کے اعتراف میں ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور ستارہ بسالت سے جبکہ حکومت فرانس کی جانب سے شیویلے (ناٹ) میڈل سے بھی نوازا جا چکا ہے۔