کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی اور سندھ کے بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں پاک بحریہ کی امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔ پاک بحریہ کی ٹیموں نے ریسکیو آپریشن کے علاوہ تیار کھانا، ضروری اشیا ئے خوردونوش کی فراہمی اور متاثرین کی امداد کے لئے طبی نگہداشت کے مراکز قائم کیے۔
پاکستان بحریہ نے کراچی اور بدین، سندھ میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کی رفتار مزید تیز کر دی ہے۔ پاکستان بحریہ نے ضلع بدین میں سول انتظامیہ کے تعاون سے ایل بی او ڈی نہر کے شگاف کی مرمت میں مدد کی۔
مختلف علاقوں سے سیلابی پانی کا نکاس بھی کیا گیا۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن کے دوران شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔
یونس آباد، کاکا پیر، ناظم آباد اور سرجانی ٹاؤن کے بارش سے متاثرہ خاندانوں میں تیار کھانے کے سینکڑوں پیکٹ تقسیم کیے گئے۔ مزید برآں سرجانی ٹاؤن، یارو خان گوٹھ، یوسف گوٹھ، خمیسو گوٹھ میں ضروری اشیائے خورونوش پر مشتمل سامان کے ہزاروں بیگ بھی تقسیم کیے گئے۔ کراچی کے مختلف علاقوں اور ڈسٹرکٹ بدین میں امدادی کیمپ بھی قائم کیے گئے۔
بدین میں قائم میڈیکل کیمپوں میں پاک بحریہ کے اضافی ڈاکٹروں اور طبی ماہرین کو تعینات کیا گیا۔ موبائل میڈیکل ٹیموں نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور ہزارسے زائد مریضوں کو علاج اور ادویات فراہم کیں۔ ڈیفنس اور کلفٹن کے علاقوں میں بھی سیلاب کی وجہ سے گھروں میں محصور مکینوں کو بڑے پیمانے پرطبی امداد فراہم کی گئی۔
پاک بحریہ کراچی اور سندھ میں بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کے لئے ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔