پاک بحریہ کی جانب سے عید الاضحیٰ کے دوران ضرورتمند خاندانوں میں راشن کی تقسیم

Last Updated On 04 August,2020 05:01 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) عید کی خوشیاں بانٹنے کے لئے پاک بحریہ کی جانب سے عید الاضحیٰ کے موقع پر کراچی کے نواحی علاقوں سمیت سندھ کے کریکس اور ساحلی قصبوں کے ضرورت مند اور وبائی مرض کورونا سے متاثرہ خاندانوں میں راشن بیگ تقسیم کیے گئے۔

وبائی مرض کورونا کے پھیلنے کے بعد سے ہی پاک بحریہ معاشرے کے مستحق اور پسماندہ طبقوں تک ضروریات زندگی کا سامان پہنچنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔

حالیہ مہم کے دوران کراچی کے نواح میں اربن سٹی گوٹھ، سومر گوٹھ، جمالی گوٹھ، حاجی احمد گوٹھ، ولی محمد گوٹھ، یونس آباد، کاکا گاؤں، بابا بھٹ جزیروں اور ضلع ٹھٹھہ کے مختلف علاقوں میں ہزاروں خاندانوں کو راشن فراہم کیا گیا۔

سندھ کے ضلع ٹھٹہ کے ساحلی علاقوں سجاول اور بدین میں بھی راشن تقسیم کیا گیا۔ اس کار خیر میں مختلف این جی اوز نے بھی پاک بحریہ کے ساتھ تعاون کیا۔ وبائی مرض کورونا کے چیلنج کے دوران پاک بحریہ قومی جذبہ اور عزم کے ساتھ عوام کی مدد جاری رکھے گی۔
 

Advertisement